بھمبر(اے بی ایم نیوزانٹرنیشنل)عیدالاضحیٰ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد طارق نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مویشی منڈیوں میں صفائی، سیکورٹی، ٹریفک نظم و ضبط اور جانوروں کو بیماریوں سے بچانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک رہیں تاکہ شہری عید قربان کے موقع پر پرامن اور خوشگوار ماحول میں اپنی مذہبی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد طارق نے کہا کہ ضلع بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ منڈیوں میں صاف پانی، سایہ دار مقامات، صفائی ستھرائی، لائٹنگ اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں جبکہ ویٹرنری عملہ بھی تعینات رہے جو جانوروں کا معائنہ کرے تاکہ کسی بھی بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس اور سیکورٹی اداروں کی اضافی نفری مویشی منڈیوں اور اہم مقامات پر تعینات کر دی گئی ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کا نظام بھی فعال ہے جبکہ مشکوک سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عید قربان کے دنوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ منڈیوں اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی کے انتظامات میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، قربانی کی آلائشیں مقررہ مقامات پر رکھیں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔چوہدری محمد طارق نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور متعلقہ محکموں کے افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔