بھمبر (اے بی ایم نیوزانٹرنیشنل) نو تعینات چیئرپرسن تحصیل زکوٰۃ کمیٹی بھمبر محترمہ نزہت ابرار نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال کر فرائض کی انجام دہی شروع کر دی۔ اس موقع پر مختلف سماجی، سیاسی اور عوامی حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔چارج سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے محترمہ نزہت ابرار نے کہا کہ مستحق اور نادار افراد تک زکوٰۃ کی امداد شفاف، بروقت اور منصفانہ انداز میں پہنچانا ان کی اولین ترجیح ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی اور مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت زکوٰۃ فنڈز کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ حقیقی حقدار افراد حکومتی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔
انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت کے مترادف ہے اور وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحصیل بھمبر میں زکوٰۃ نظام کو مزید فعال، مؤثر اور عوام دوست بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر زکوٰۃ کمیٹی کے متعلقہ افسران، عملہ اور معززین علاقہ بھی موجود تھے جنہوں نے نو تعینات چیئرپرسن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔