کمشنر پیسی ذوالفقار علی کھرل کا سوشل سکیورٹی ہسپتال گجرات کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا جائزہ لیا
زیر تعمیر سوشل سکیورٹی بنیادی مرکز صحت کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ
ریکوری اہداف کے حوالے سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ گجرات میں اجلاس کی صدارت
گجرات (صغیراحمدقمر)کمشنر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن ذوالفقار علی کھرل نے سوشل سکیورٹی ہسپتال گجرات کا اچانک دورہ کیا اور گجرات سمیت گردونواح کے رجسٹرڈ محنت کشوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر حمیرا بزدار اور ڈائریکٹر سی اینڈ بی راشد بدر بھی موجود تھے۔ کمشنر پیسی نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور دیگر عملے کی حاضری چیک کی اور ہسپتال میں نظم و ضبط اور خدمات کی فراہمی کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہسپتال انتظامیہ اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ علاج کے لیے آنے والے ہر مریض اور محنت کش کے ساتھ خوش اخلاقی، عزت اور احترام سے پیش آیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رجسٹرڈ ورکرز کو بروقت، معیاری اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔بعد ازاں کمشنر پیسی نے سوشل سکیورٹی بنیادی مرکز صحت (بی ایچ یو) گجرات کی زیر تعمیر عمارت کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ ٹھیکیدار کو ہدایت کی کہ تعمیراتی کام میں مزید تیزی لائی جائے اور منصوبہ مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے ڈائریکٹر ورکس کو بھی ہدایت کی کہ وہ خود تعمیراتی کام کی رفتار کی مسلسل نگرانی کریں اور اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل کو یقینی بنائیں۔بعد ازاں کمشنر ذوالفقار علی کھرل نے سوشل سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ گجرات میں ایک اجلاس کی صدارت کی، جس میں انہیں کنٹری بیوشن کی وصولیوں، ریکوری کی کارکردگی اور مقررہ اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں مریم نواز راشن کارڈ پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پیسی نے فیلڈ ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ ریکوری کے مقررہ اہداف کو ہر صورت بروقت مکمل کریں اور اس سلسلے میں اپنی کارکردگی مزید بہتر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ اہداف کے حصول میں کسی بھی قسم کی غفلت، کوتاہی یا غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران و اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن رجسٹرڈ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری طبی سہولیات، بہتر سروس ڈیلیوری اور مؤثر سماجی تحفظ کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتا رہے گا۔