تازہ ترین
اے بی ایم نیوز انٹرنیشنل
الفاظ سے حقیقت

ضلع بھمبر عیدالاضحیٰ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی پلان جاری

0
محبت پھیلائیں

عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو پرامن اور سہولتوں سے بھرپور ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے: ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طارق

بھمبر(اے بی ایم نیوزانٹرنیشنل)ضلع بھمبر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر فول پروف سیکورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طارق نے خصوصی پلان جاری کر دیا۔ پلان کے تحت ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، برقیات اور دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ڈپٹی کمشنر بھمبر نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران عوام کو پرامن اور سہولتوں سے بھرپور ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلہ میں حساس مقامات، عید گاہوں، امام بارگاہوں اور مساجد کی سیکورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔خصوصی پلان کے مطابق شہر اور مضافاتی علاقوں میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ بازاروں اور رش والے مقامات پر لیڈیز پولیس بھی ڈیوٹی سرانجام دے گی تاکہ خواتین شہریوں کو بہتر تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے۔ضلعی انتظامیہ نے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانیکیلئے خصوصی صفائی آپریشن بھی ترتیب دیا ہے۔ میونسپل اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کے تینوں دن صفائی عملہ مکمل طور پر متحرک رہے اور شہری علاقوں میں جراثیم کش اسپرے کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے ناجائز تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی کا بھی اعلان کیا ہے اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بازاروں، سڑکوں اور عوامی مقامات پر قائم رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔علاوہ ازیں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے متعلقہ اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے جبکہ محکمہ صحت کی ایمرجنسی سروسز، ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کے اہلکاروں کو ہر وقت الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر بھمبر چوہدری محمد طارق نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، صفائی کا خیال رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیں تاکہ عیدالاضحیٰ کو پرامن اور خوشگوار ماحول میں منایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.