تازہ ترین
اے بی ایم نیوز انٹرنیشنل
الفاظ سے حقیقت

پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کو فروغ دیا:راناسکندر حیات خاں

0
محبت پھیلائیں

افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر ذمہ داری، تحمل اور قومی مفاد کو مقدم رکھا، اور پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی

قصور(نمائندہ اے بی ایم نیوزانٹرنیشنل) ہم ہیں بنیان المرصوص / فتح کو ایک سال مکمل کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ قصور کے زیر اہتمام افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہوکر شہباز شریف اسٹیڈیم پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات خاں نے کی۔ اس موقع پر سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان، وکلاء، تاجر برادری، ضلعی افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے دوران“پاک فوج زندہ باد”اور“پاکستان زندہ باد”کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرتعلیم رانا سکندر حیات خاں نے کہا کہ کسی بھی ملک کے داخلی و خارجی تعلقات اس کی قومی طاقت، عسکری صلاحیت اور قومی یکجہتی کے عکاس ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور ذمہ دارانہ سفارت کاری کو فروغ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان حکومت اور مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت اور قومی جذبے سے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، جبکہ“معرکہ حق”میں افواجِ پاکستان نے جرات، حکمت عملی اور دفاعی تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر ذمہ داری، تحمل اور قومی مفاد کو مقدم رکھا، اور پاکستانی قوم اپنی خودمختاری، سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے جوان ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں اور ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے“ہم ہیں بنیان المرصوص”کے عنوان سے خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے، جن میں میوزیکل کنسرٹ، میجک شو، موٹرسائیکل ریلیاں اور شاندار آتشبازی شامل ہوں گی، جبکہ سکولوں میں بھی“معرکہ حق”کے حوالے سے خصوصی تقریبات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ان تقریبات کا مقصد افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی حکومت، افواج اور قومی اداروں کے ساتھ متحد کھڑی ہے، اور پاکستان ایک پرامن و ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی سطح پر مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہداء اور غازی قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہل خانہ کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، جبکہ قومی اتحاد ہی ہر چیلنج سے نمٹنے کی اصل قوت ہے۔
٭٭٭٭

Leave A Reply

Your email address will not be published.